نیب سے متعلق کاروباری برادری کے تحفظات کے حل کیلئے لائحہ عمل بنالیا، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نیب سے متعلق کاروباری برادری کے تحفظات کے حل کیلئے لائحہ عمل بنالیا۔

وزیرِ اعظم عمران خان سے ملک کے مختلف ایوان صنعت و تجارت سے تعلق رکھنے والے وفد نے ملاقات کی۔ مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی و دیگر سینئر افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔

وفد نے وزیرِ اعظم کی تاجر برادری سے مسلسل ملاقاتوں اور بزنس کمیونٹی کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی کو سراہتے ہوئے انہیں کاروباری براددی کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ تاجروں نے معیشت کی بہتری اور کاروباری سرگرمیوں میں تیزی لانے خصوصا برآمدات کو بڑھانے کے حوالے سے وزیر اعظم کو مختلف تجاویز پیش کیں۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ نیب سے متعلق کاروباری برادری کے تحفظات کے حل کے لئے لائحہ عمل تشکیل دے دیا گیا ہے، اس سلسلے میں کاروباری شخصیات پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے تاکہ نیب اور کاروباری برادری سے متعلق معاملات کو احسن طریقے سے حل کیا جا سکے، موجودہ حکومت کاروباری برادری کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ بزنس کمیونٹی کے لئے آسانیاں پیدا ہوں اور وہ منافع بخش کاروباری سرگرمیاں انجام دے سکیں، حکومت اس ضمن میں ہر ممکن مدد کرے گی، بزنس کمیونٹی کی کامیابی ملک کی کامیابی ہے، کاروباری برادری اور حکومت کی مضبوط پارٹنر شپ معیشت اور ملک کی ترقی کے لئے نہایت اہم ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں