عمران خان کو سلیکٹ کرنیوالے بھی پریشان ہیں ملک کس نالائق کے حوالے کردیا، بلاول

لوئر دیر: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان کو سیلکٹ کرنے والے بھی پریشان ہیں کس نالائق کو لے آئے ہیں۔

لوئردیر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عوام کے دلوں میں وہی زندہ رہ سکتا ہے،جس نےعوام کو اپنا مانا ہو، کیا آج کوئی ضیاء الحق اور پرویز مشرف کا نام لینے والا ہے، ضیاء اور مشرف کا دور صرف سیاہ دور کے نام سے یاد کیا جاتا ہے جب کہ عمران خان انصاف کی بات کرتے تھے آج ان کی سیاست انتقام کی سیاست ہے اور آج ہمارا مقابلہ سلیکٹڈ وزیراعظم سے ہے جو ہمارے حقوق چھیننا چاہتا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ لوگ پہلے ہی سال اس حکومت کے جانے کی دعا کررہے ہیں، آج ہر طبقہ پریشان ہے، یہاں تک کہ عمران خان کو سلیکٹ کرنے والے بھی پریشان ہیں ملک کس نالائق کے حوالے کردیا اور آج ان کی نالائقی کو چھپانے کے لیے عوام پر بوجھ ڈالا جارہا ہے، اس عوام دشمن بجٹ میں، بجلی و گیس، دالیں، ڈالر، پیٹرول، دودھ اور دوائیں مہنگی کردی گئیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان عوام کوخوشحال کرنےکی بات کرتے تھے آج عوام کومعاشی بحران میں ڈال دیا ہے، یہ کہتے تھے لوگ مجھ ایماندار کو اس قدر ٹیکس دیں گے اور جب وزیراعظم بنوں گا، سب ٹھیک ہوجائے گا لیکن آج صورتحال اس کے برعکس ہے، عمران خان میڈیا کی آزادی کی بات کرتے تھے آج میڈیا کا گلا گھونٹ رہے ہیں، کہتے تھے خودکشی کرلوں گا لیکن آج معیشت کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان سن لو، میری پارٹی یا خاندان کو جیل بھیج دو لیکن اصولوں پر سمجھوتا نہیں ہوسکتا اور نہ ہی 18ویں ترمیم اور جمہوریت پر کوئی سمجھوتا ہوسکتا ہے، میں ذوالفقار علی بھٹو اوربے نظیر بھٹو کا مشن جاری رکھوں گا، عوام میری ہمت اورسرمایہ ہیں ہم سب مل کر قائد اور بھٹو کا پاکستان بنائیں گے، اس ظالم نئے پاکستان سے جان چھڑانی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں